لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے تین ماہ میں ٹرینوں کی باقاعدگی 90 سے 95 فیصد تک لانے کا ٹاسک دے دیا۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ریلوے انفرااسٹرکچر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، وزیر ریلوے نے افسران کو ہدایت کی کہ ایم ایل ون پر سفری دورانیہ کم کرنے کیلیے اقدامات کیے جائیں اور کیماڑی، حیدرآباد سیکشن پر فوری طور پر کام شروع کیا جائے۔
وفاقی وزیر نے ایم ایل ون پر انجینئرنگ ریسٹرکشنز کے خاتمے کے لیے ایک سال کا ٹاسک دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ٹریک بحالی کے پراجیکٹس پر کام تیز کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر 6 ماہ میں سلیپر تیار کرکے دیں، انتظامیہ 2 سال کا منصوبہ ایک سال میں مکمل کرے، سال کے آخر تک 4 ٹیمپنگ مشینیں قابلِ استعمال بنائی جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب، صوبے کے عوام کی رسائی دور دراز علاقوں تک چاہتی ہیں، انہوں نے برانچ لائنوں کی بحالی کیلیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، تجاوزات کے خاتمہ کیلیے پنجاب اور سندھ سے آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس دائرہ کار ملک بھر میں پھیلایا جائے گا۔