خیبرپختونخوا: جنگلی حیات کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سفاری پارک بنانے کا پلان تیار

Published On 03 May,2025 09:54 am

پشاور: (ذیشان کاکا خیل) خیبرپختونخوا میں جنگلی حیات کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سفاری پارک بنانے کا پلان تیار کر لیا گیا، پارک کی تعمیر مقررہ مدت میں پوری کرنے کے لئےعملی کام شروع کر دیا گیا ہے۔

محکمہ جنگلات نے مجوزہ پارک کا پی سی ون تیار کر لیا، پارک کو تیزی کے ساتھ کام مکمل کرنے کیلئے نان اے ڈی پی سکیم کے طور پر منظور کرنے کی سفارش کی گئی ہے، زو سفاری پارک 301 ایکٹر اراضی پر بنایا جائے گا۔

دستاویزات کے مطابق پارک کی تعمیر 30 مہینوں میں مکمل کی جائے گی، منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئےابتدائی طور پر 2 ہزار ملین روپے جاری کیے جائیں گے۔

منصوبے سے جہاں ماحولیاتی مسائل میں کمی آئے گی وہیں جنگلی حیات کا تحفظ بھی ممکن ہو گا، زو سفاری پارک میں حیوانات کے علاج معالجے اور تربیت کیلئے جدید سینٹر کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔