سی پی این ای کے انتخابات، روزنامہ دنیا کے کاظم خان صدر منتخب، وزیراعظم کی مبارکباد

Published On 03 May,2025 05:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز کے انتخابات، روزنامہ دنیا کے کاظم خان صدر اور ڈیلی پاک کے غلام نبی چانڈیوسیکرٹری جنرل منتخب ہو گئے۔

ایکسپریس گروپ کے ایاز خان سینئر نائب صدر اور روزنامہ غریب کے تنویر شوکت ڈپٹی سیکرٹری جنرل منتخب ہو گئے۔

صدر سی پی این ای کاظم خان نے پاکستان کی صحافتی سرحدوں کی سچ اور تصدیق شدہ خبروں کے ذریعے حفاظت کے عزم کا اظہار کیا۔

نو منتخب صدر سی پی این ای نے کہا کہ پیکا ایکٹ کے ناجائز استعمال کے خلاف مزاحمت کریں گے، حکمرانوں کو توہین اور تنقید کے مابین فرق سمجھنا ہوگا۔

کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز کے صدر کاظم خان نے مزید کہا کہ حکومت کو اشتہارات کی منصفانہ تقسیم پر عمل کرنا ہوگا۔

آزادی صحافت کے دن پر سی پی این ای قیادت کا انتخاب خوش آئند ہے: وزیر اعظم

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (CPNE) کے انتخابات میں کاظم خان کو صدر، غلام نبی چانڈیو کوسیکرٹری جنرل، ایاز خان کو سینئر نائب صدر اور تنویر شوکت کو ڈپٹی سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے کونسل کے نو منتخب عہدیداران پاکستان میں صحافتی قدروں کی حفاظت اور اعلیٰ صحافتی معیار کی بالادستی کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ سی پی این ای کی نو منتخب قیادت اپنی تنظیم کے ذریعے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کا فریضہ سر انجام دیتے رہیں گے، خوش آئند امر ہے کہ آج آزادی صحافت کے دن سی پی این کی نئی قیادت منتخب ہوئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سی پی این ای کے نو منتخب عہدیداروں صدر کاظم خان ، سینئر نائب صدر ایاز خان، سیکرٹری جنرل غلام نبی چانڈیو، ڈپٹی سیکرٹری جنرل تنویر شوکت اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد دی۔

مریم نواز شریف نے سی پی این ای کے نو منتخب عہدیداروں کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ اُمید ہے سی پی این ای کے نو منتخب عہدیداران آزاد اور ذمہ دار صحافت کے فروغ کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

صحافت کے وقار اور آزادی کیلئے سی پی این ای کا کردار قابلِ تحسین ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (CPNE) کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور سی پی این ای کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ نومنتخب عہدیداران آزاد و ذمہ دار صحافت کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کریں گے، صحافت کے وقار اور آزادی کے لیے سی پی این ای کا کردار قابلِ تحسین ہے۔

نئی کابینہ صحافیوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے کردار ادا کرے گی:  ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند

ترجمان صوبائی حکومت بلوچستان شاہد رند نے کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی، ترجمان صوبائی حکومت نے نو منتخب صدر و کابینہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

شاہد رند نے اس توقع کا اظہار کیا کہ صدر اور نئی منتخب ہونے والی کابینہ صحافیوں کی مجموعی ترقی اور خوشحالی سمیت آزادانہ، منصفانہ اور ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریگی۔

ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ صحافی تنظیمیں صحافیوں کی مؤثر اور توانا آواز ہیں جنہوں نے ہمیشہ اپنی آواز اور قلم سے معاشرے کی صحیح سمت میں رہنمائی کی ہے۔

سی پی این ای اہل قلم اور صحافت کے ممتاز ناموں کا خوبصورت گلدستہ ہے: شیخ وقاص اکرم

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے سی پی این ای کے نومنتخب صدر کاظم خان اور سیکرٹری جنرل غلام نبی چانڈیو سمیت دیگر عہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز اہل قلم اور صحافت کے ممتاز ناموں کا ایک خوبصورت گلدستہ ہے، تمام نومنتخب عہدیداران کی بدترین سنسرشپ کے اس دور میں آزادانہ صحافت کو زندہ رکھنے کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صحافیوں کے خلاف جاری بدترین فسطائیت اور میڈیا پر لاتعداد قدغنوں کے بیچ سچ کو زندہ رکھنا ایک کٹھن چیلنج ہے، ریاستی جبر کے اس دور میں آزادی اظہار رائے کی بحالی کیلئے جدوجہد کرنے والے صحافی قوم کے ہیرو ہیں۔

شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں کہ نئے منتخب شدہ عہدیداران آزادی صحافت کے فروغ اور ادارے کی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔