راولپنڈی: (دنیا نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے پاکستان میں 6 مقامات پر حملے کئے، جس کے نتیجے میں 8 شہری شہید جبکہ 35 افراد زخمی ہوگئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ رات کی تاریکی میں بھارت کی جانب سے احمد پورشرقیہ، کوٹلی، مظفرآباد، باغ، مریدکے میں حملہ کیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے اپنی فضائی حدود سے حملہ کیا، بھارت کے بزدلانہ حملے کا بھرپور جواب دیا جارہا ہے، بہاولپور میں دھماکے سے قبل آسمان پر تیز روشنی چھا گئی۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مظفرآباد میں دھماکے کی آواز سنی گئی جبکہ بہاولپور میں بھی دھماکے کی آواز سنی گئی، ذرائع کے مطابق مظفرآباد میں مکمل بلیک آؤٹ ہے۔
ذرائع کے مطابق کوٹلی میں 2 افراد کی شہادت کی اطلاعات ملی ہیں جبکہ بہاولپور میں بھارتی حملے میں 20 افراد زخمی ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ بھارت نے بہاولپور میں مسجد سبحان اللہ کو بھی ٹارگٹ کیا، بزدلانہ حملے میں مسجد میں سویلینز کو نشانہ بنایا گیا، پاکستان کی طرف سے جوابی کارروائی شروع ہوچکی ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ پاک فوج دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دے رہی ہے، لائن آف کنٹرول پروادی لیپہ سیکٹر پر بھارتی فوج نے گولہ باری کی، پاک فوج کی میزائل سٹرائیک نے ایل او سی پر دودنیال سیکٹر میں دشمن کی پوسٹ اڑا دی۔
وادی نیلم جورا کے علاقے صندوق چلہانہ بانڈی میں بڑے پیمانے پر گولہ باری جاری رہی، بھارت کے بزدلانہ حملے میں شیوائی مظفر آباد میں مسجد شہید ہوگئی، لائن آف کنٹرول پر بٹل سیکٹرپر بھی بھارت کی جانب سے فائرنگ کی گئی، پاک فوج کی جانب سے بھارتی فائرنگ کابھرپور جواب دیا جارہا ہے۔