دشمن سے نمٹنا بخوبی جانتے ہیں، انکے مقاصد پورے نہیں ہونے دینگے: وزیراعظم

Published On 07 May,2025 03:14 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ہم دشمن سے نمٹنا بخوبی جانتے ہیں، دشمن کے مقاصد کو پورے نہیں ہونے دیں گے۔

وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مکار دشمن نے پاکستان کے 5 مقامات پر بزدلانہ حملہ کیا، بھارت نے پاکستان پر حملہ کرتے ہوئے 5 مقامات پر میزائل فائر کردیے جس میں سویلین آبادی اور مساجدکو نشانہ بنایا گیا، بھارتی حملے میں 2 شہری شہید ہوگئے۔

وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کی مسلط کردہ اس جنگی عمل کا بھرپور جواب دینے کا پورا حق رکھتا ہے اور بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔

محمد شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے اور پوری پاکستانی قوم کا مورال اور جذبہ بلند ہے۔