لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش نے رنگ جما دیا، شہر میں چلنے والی ٹھنڈی ہوا سے موسم دلفریب ہو گیا۔
صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں جیل روڈ، مال روڈ، قرطبہ چوک اور شہر کے دیگر علاقوں میں بادل برس پڑے جس سے گرمی کی شدت میں کمی آ گئی ہے جبکہ تاحال آسمان پر بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
آج ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ کشمیر، خیبرپختونخوا، بالائی سندھ، شمال مشرقی بلوچستان اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران کہیں کہیں موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
آج اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، اس دوران کہیں کہیں موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہونے کا بھی امکان ہے۔
خطہ پوٹھوہار، مری، گلیات، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور نارووال میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
چترال، شانگلہ، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، باجوڑ، صوابی، مردان، چارسدہ، خیبر، کرک، لکی مروت، بنوں، کوہاٹ، وزیرستان، کرم میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
کوئٹہ، چمن، زیارت، بارکھان، کوہلو، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، موسیٰ خیل، خضدار، لسبیلہ، پنجگور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم عمر کوٹ، تھرپارکر، لاڑکانہ اور دادو میں تیز ہوائیں چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہونے کا امکان ہے۔