مظفر آباد، اسلام آباد، گلیات: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر، اسلام آباد اور گلیات میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
اسلام آباد میں آسمان پر چھائے کالے بادلوں کے باعث دن کے وقت اندھیرا چھا گیا، طوفانی ہواؤں کے ساتھ ہی وفاقی دار الحکومت میں موسلادھار بارش شروع ہو گئی۔
آزاد جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، دارالحکومت و گرد و نواح میں موسلا دھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
ایس ڈی ایم اے کے مطابق بارش سے ندی نالوں میں طغیانی، بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، شہری غیر ضروری سفر سے اجتناب برتیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، 4 مئی تک آندھی، ژالہ باری اور موسلادھار بار ش متوقع ہے، بالائی خیبرپختونخوا، پوٹھوہار، شمال مشرقی، وسطی پنجاب میں بھی تین دن بارش کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی پنجاب اور جنوب مشرقی بلوچستان میں شام، رات کو آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، بارش اور طوفان سے کمزور انفرا سٹرکچر ( بجلی کے کھمبے، درخت ، گاڑیوں، سولر پینلز وغیرہ) کو نقصان کا اندیشہ ہے۔