اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے خبردار کیا ہے کہ بھارتی حملوں کا جواب دینے کیلئے کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا ہے، امن پہلی ترجیح ہے لیکن بھارت کو جواب دیں گے۔
برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے سکائی نیوز کو انٹرویو میں کہا کہ پاکستان نے بارہا پہلگام واقعے کی عالمی سطح پر تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی، پاکستان کی پہلی ترجیح امن تھی لیکن اب اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارتی حملوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حملوں کا جواب دینے کیلئے کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا ہے، سکیورٹی کونسل اور بہت سے ممالک نے بھارت سے کشیدگی میں کمی لانے کا کہا تھا لیکن بھارت نے سکیورٹی کونسل سمیت کسی کی بات نہ سنی اور حملے کر دیئے۔
پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ ہمارے ملک پر میزائل پھینکے جا رہے ہیں، معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، میزائل حملوں کی صورت میں بھارت سے کیسے تعاون کیا جا سکتا ہے؟ بھارت پہلگام واقعے کی عالمی سطح پر تحقیقات سے کیوں خوفزدہ ہے؟