’اللہ اکبر تیار ہیں ہم‘ قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتا نیا جنگی ترانہ ریلیز

Published On 08 May,2025 10:40 am

لاہور: (دنیا نیوز) موجودہ کشیدہ علاقائی صورتحال کے پیشِ نظر پاکستانی قوم کے جذبات کی عکاسی کرتا ایک نیا جنگی ترانہ ”اللہ اکبر۔۔ تیار ہیں ہم“ ریلیز کر دیا گیا۔

نغمہ میں شامل شاعری دل کو گرما دینے والی ہے، جبکہ سحر انگیز آواز نے سننے والوں کو جذبے، عزم اور فخر کے ایک نئے احساس سے روشناس کرایا ہے، اس ملی ترانے کے بول ’غالب ہیں، خدا کا وار ہیں ہم، لڑنے کیلئے تیار ہیں ہم‘، ہر پاکستانی کی زبان پر آ گئے ہیں۔

نغمے میں بھارت کو واضح پیغام دیا گیا کہ اُسے معلوم نہیں کہ وہ کس قوم سے ٹکرایا ہے، ملی نغمے میں کہا گیا کہ پاکستان ایک ایسی قوم ہے جو دینِ اسلام کے نام پر بنی اور اس کی فوج ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ کو اپنا موٹو سمجھتی ہے۔

پاک فوج ہر طرح کی بھارتی جارحیت پر جوابی وار کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، برق رفتار، جدید ہتھیاروں سے لیس سامان حرب اور سخت ترین ٹریننگ مسلح افواج کا طرہ امتیاز ہے۔

یہ ملی نغمہ پاک فوج کی بہادری، قربانی اور قومی اتحاد کی ترجمانی کرتا ہے، اور قوم کے ہر فرد کے دل کی آواز بن چکا ہے، اس میں بار بار گونجنے والا ”اللہ اکبر“ کا نعرہ سننے والوں کے دلوں میں جرات، حوصلے اور ہمت کی ایک نئی روح پھونک دیتا ہے۔

جنگی ترانہ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے آفیشل یوٹیوب چینل سے جاری کیا گیا جسے اب تک لاکھوں لوگ دیکھ چکے ہیں، ملی نغمے میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قومی عزم، دفاع وطن کے جذبے کی عکاسی کی گئی۔