لاہور : (دنیا نیوز) پنجاب کے وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا نے بھارتی پنجاب کے عوام کو پیغام دیا ہے کہ پورا بھارتی پنجاب یاد رکھے کہ پاکستان آپ پر حملہ نہیں کرے گا۔
بھارتی میڈیا کے امرتسر اور دیگر شہروں پر پاکستانی حملوں سے متعلق پراپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے رمیش سنگھ نے کہا کہ بھارتی پنجاب میں ہمارے پنجابی سکھ بھائی بستے ہیں اور وہ پاکستان کے ساتھ ہیں، پاکستان کے اندر ان کا ننکانہ صاحب ہے، پاکستان کے اندر ان کا کرتار پور صاحب ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے سکھ برادری کو ہمیشہ عزت و احترام دیا اور میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان اور سکھوں کے درمیان رشتہ ناخن اور خون جیسا ہے۔
سردار رمیش سنگھ کا کہنا ہے کہ ہم نے کوئی حملہ نہیں کیا، ہم سوچ بھی نہیں سکتے کہ ہم ان پر حملہ کریں گے، یہ منفی پراپیگنڈہ ہے، جو بھارت ایک لمبے عرصے سے کر رہا ہے اور پچھلے تین دن سے تو انتہا کردی ہے۔
بھارتی میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، پاکستانی میڈیا بھی بات کر رہا ہے لیکن انڈین تو سنسنی پھیلا رہا ہے اور ڈرامہ رچا رہا ہے۔