عمران خان کی زندگی کو اڈیالہ جیل میں شدید خطرہ ہے: علی امین گنڈاپور

Published On 09 May,2025 11:10 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی زندگی کو اڈیالہ جیل میں شدید خطرہ ہے، ان کی رہائی کیلئے درخواست دائر کی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی امت مسلمہ کے لیڈر ہیں اور امید ہے ہمیں انصاف ملے گا، عدالتوں سے ہمیشہ درخواست کی ہے جو لوگ عدالتوں کا حکم نہیں مانتے ان کے خلاف ایکشن لیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی قانون تو ہے ہی نہیں، ہم نے انصاف کے لئے تمام دروازے کھٹکھٹائے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی اجلاس میں شرکت بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد ہی ممکن ہے، عمران خان ہمارے لیڈر ہیں ان سے ہدایت لینے کیلئے ہی اڈیالہ میں ملاقات کرنی ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مودی کے مظالم پر بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے اور مودی کو بھی پتہ ہے عمران خان اڈیالہ جیل میں ہیں، مودی جیسے شخص سے کچھ بھی توقع کی جا سکتی ہے۔

بعدازاں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی پے رول پر رہائی کیلئے درخواست دائر کر دی، علی امین گنڈاپور نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنے کے لئے بائیو میٹرک تصدیق کرائی۔

علی امین گنڈا پور نے لطیف کھوسہ اور شہباز کھوسہ کے ذریعے درخواست دائر کی، درخواست میں عمران خان کی پیرول پر رہائی کی استدعا کی گئی ہے۔