وفاق اور مسلح افواج کیساتھ ہر تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں: علی امین گنڈا پور

Published On 07 May,2025 10:46 am

پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قومی یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وفاق اور افواج پاکستان کے ساتھ خیبر پختونخوا ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بلااشتعال اور غیر قانونی بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں، بھارتی حملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

بیان کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان اور افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی اورحمایت کااظہار کرتے ہیں، نازک گھڑی میں قومی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کے لیے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ رات اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کر کے طبل جنگ بجا دیا تھا۔

پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے مارے گرائے جبکہ ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا، بھارتی فوج نے ایل اوسی کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کر لی تھی۔