بھارتی جارحیت: پنجاب میں حساس تنصیبات پر سکیورٹی بڑھانے کا حکم

Published On 07 May,2025 09:05 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر پنجاب حکومت نے حساس تنصیبات پر سکیورٹی بڑھانے کا حکم جاری کر دیا۔

بھارتی افواج کے حملوں کے خدشے پر سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، پنجاب بھر میں واقع اہم تنصیبات اور حساس علاقوں پر فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبے کے دو اضلاع میں بھارت کی جانب سے حملے کئے گئے، مستقبل میں مزید حملوں کے امکانات مسترد نہیں کئے جا سکتے، ڈی پی اوز، سی سی پی او اور ڈپٹی کمشنرز کو سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا کہ حساس مقامات کی حفاظت کیلئے سخت اقدامات کا حکم دیا ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کیلئے پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادھر بھارتی حملے کے تناظر میں محکمہ داخلہ پنجاب نے حفاظتی اقدامات کیلئے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے نام مراسلہ جاری کر دیا، محکمہ داخلہ پنجاب کے انٹرنل سکیورٹی ونگ نے مراسلہ جاری کیا۔

مراسلے کے مطابق پنجاب کے حساس مقامات اور اہم تنصیبات کو محفوظ بنانے کیلئے ہدایات جاری کی گئی ہیں، آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور، تمام ڈی پی اوز، آر پی اوز اور ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام اضلاع میں واقع اہم تنصیبات اور حساس علاقوں میں فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔