اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سیاست میں سے تقسیم کو ختم کرنا ہوگا، سیاسی ہم آہنگی کی بھی بات ہونی چاہئے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہم ملک کی سرحدوں اورعوام کا دفاع کرنا جانتے ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں قوم کو یک زبان ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بطور اپوزیشن لیڈر بھی کہا تھا آئیں مل کر ملک کو ٹھیک کریں، وزیراعظم نے فلور آف ہاؤس کہا میثاق معیشت کریں اور ملکی معیشت کا پہیہ تیز کریں۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سیاست ایک دوسرے کو گھسیٹنے کا نام نہیں، سیاست کو ہمیشہ فسطائیت کے قریب لانے کی کوشش کی گئی، فسطائیت کو صرف اور صرف اجتماعی سوچ سے ہی ختم کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ادارے مضبوط ہوتے ہیں تو ملک بھی مضبوط ہوتا ہے، جنگ ہمیشہ جوش اور جذبے کے ساتھ ساتھ حکمت سے بھی لڑی جاتی ہے، افواج پاکستان نے جرات کے ساتھ دانشمندی کا بھی مظاہرہ کیا۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے بھارت کو شاید تحفہ یا پیسوں سے ڈرونز دیئے، تمام بھارتی ڈرونز کو دانشمندی کے ساتھ ہینڈل کیا گیا، نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا اختیار افواج پاکستان کو دے دیا ہے۔