آپریشن بنیان مرصوص: پاک فوج نے دنیا کی بہترین فوج ہونے کا ثبوت دیا: عظمیٰ بخاری

Published On 10 May,2025 04:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بنیان مرصوص دنیا کی تاریخ کا کامیاب ترین آپریشن ہے، پاکستان کی فوج نے دنیا کی بہترین اور پروفیشنل فوج ہونے کا ثبوت دیا ہے۔

افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان کی افواج کے کارنامے سنہری حروف میں لکھے جائیں گے، بھارت نے پاکستان کے صبر کو کمزوری سمجھا تھا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پچھلے 4 سے 5 دن سے بھارت جھوٹ اور پروپیگنڈے کے ساتھ جارحیت کر رہا تھا، پاکستانی فوج کے 4 گھنٹے بھارت کو جواب دینے کے لیے کافی تھے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پاکستان نے دن کے اجالے میں بھارت کو جواب دیا ہے، پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، الحمدللہ پاکستان کے تمام طیارے محفوظ ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان نے چند گھنٹوں میں بھارتی فوج کو ایکسپوز کر دیا ہے، پاکستان کا میڈیا بھی خراج تحسین کا مستحق ہے، جس نے بھارتی میڈیا کو صحافتی قواعد و ضوابط سکھائے۔

انہوں نے کہا کہ مودی کا جنگی جنون اس کے گلے پڑ گیا ہے، جو بھارتی میڈیا 5 دن سے جھوٹ بول رہا تھا آج وہی میڈیا پاکستان کی برتری تسلیم کر رہا ہے۔