راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان فضائیہ کے ڈپٹی چیف آف آپریشنز وائس ایئر مارشل اورنگزیب احمد نے بھارتی افواج کے اپنے ہی علاقے کو نشانہ بنانے کے ثبوت دنیا کے سامنے رکھ دیئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر، پاک فضائیہ اور پاک نیوی کی مشترکہ میڈیا بریفنگ کے دوران ڈپٹی چیف نے ریڈار ڈیٹا دکھایا اور بتایا کہ کس طرح پاکستان کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے بھارتی میزائلوں کو ناکام بنایا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے بھارتی میزائل لانچ کے سسٹم میں گڑ بڑ پیدا کی جس سے ان کے میزائل بھٹکتے رہے اور نشانوں پر نہ لگے۔
وائس ایئر مارشل اورنگزیب احمد نے بتایا کہ بھارت کی طرف سے تین ہزار کلومیٹر کی سپیڈ والے براہموس میزائل داغے گئے جو ادھر ادھر نکلتے رہے، ایک میزائل پاکستان سے بھی آگے مغربی ملک کی طرف گیا۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت نے آدم پور سے ہائی سپیڈ پروجیکٹائل لانچ کئے جو مشرقی پنجاب کے علاقے امرتسر میں گرے۔
خیال رہے کہ جس وقت یہ میزائل داغے گئے اس وقت بھی ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ آدم پور سے لانچ کیے گئے 6 میزائلوں میں سے ایک آدم پور جب کہ 5 امرتسر میں گرے۔