ناصر حسین شاہ کا کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کوجلد از جلد مکمل کرنے کا عزم

Published On 12 May,2025 01:25 am

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر منصوبہ بندی اور توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے اس بات کا عزم کیا ہے کہ کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔

وزیر منصوبہ بندی اورتوانائی سندھ ناصر حسین شاہ کے زیر صدارت کراچی ڈویژن کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق پاکستان پیپلزپارٹی کا اجلاس ہوا جہاں چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نجم احمد شاہ نے منتخب نمائندوں کو ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی، اجلاس میں کراچی ڈویژن کے لئے آنے والے بجٹ میں سکیموں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ناصر حسین شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرانی جاری سکیموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا، چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق یوسی کی سطح پر صحت، تعلیم اور انفرا سٹرکچر کی سکیموں اور پانی کے منصوبوں کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔

ناصر حسین شاہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سولر سکیموں کو وقت مقررہ پر مکمل کیا جائے۔

ناصر حسین شاہ کے زیرصدارت اجلاس میں کھیلوں کے گراؤنڈ، پارکوں، تفریح گاہوں کی تزئین آرائش اور انفرا سٹرکچر سے متعلق منصوبوں پر غوروخوض کیا گیا اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لئے مختلف سکیموں کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔

اجلاس میں پی پی رہنما خورشید شاہ، سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن، سعید غنی، مکیش کمار چاولہ، سینیٹر وقار مہدی، اعجاز جاکھرانی اور کراچی سے منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور دیگر عہدیدار شریک ہوئے۔