ساری قوم ایک اور نیک ہو کر وطن کے دفاع میں کھڑی ہے: شیخ رشید

Published On 12 May,2025 12:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ساری قوم ایک اور نیک ہو کر وطن کے دفاع میں کھڑی ہے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، افواج پاکستان نے دشمن کو جرات سے جواب دیا، آج مودی پر بھارت میں لعن طعن ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی نے خفت مٹانے کیلئے دوبارہ کوئی جارحیت دکھائی تو بھرپور جواب دیا جائے گا، ہندوستان کو معلوم ہی نہیں کہ ہمارے پاس کیا کیا ٹیکنالوجی ہے، مجھے اپنی ٹیکنالوجی کے بارے معلوم ہے کیونکہ میں ان اداروں کے قریب رہا ہوں۔

سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس ایسی ایسی ٹیکنالوجی ہے کہ دشمن نیست ونابود ہو جائے، ہماری افواج نے دشمن کے دانت کھٹے کئے ہیں، دشمن کو ایسا سبق سکھایا کہ نسلوں تک یاد رکھے گا۔