شہباز شریف اور صدر یو اے ای کا ٹیلیفونک رابطہ، جنگ بندی مفاہمت کا خیر مقدم

Published On 14 May,2025 10:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ بحران کو کم کرنے کے لیے یو اے ای کی سفارتی کوششوں اور تعمیری کردار پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ متحدہ عرب امارات ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن کا خواہاں ہے، پاکستان نے اسی جذبے کے تحت بھارت کے ساتھ جنگ بندی مفاہمت پر رضامندی ظاہر کی۔

وزیراعظم نے افہام و تفہیم کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، وزیراعظم نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کے بھرپور عزم کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف سے آذربائیجان کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کو کبھی چیلنج نہیں ہونے دے گا۔

صدر متحدہ عرب امارات نے امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے جنگ بندی مفاہمت کا خیرمقدم کیا۔

شیخ محمد بن زاید النہیان نے کہا کہ متحدہ عرب امارات جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کی بحالی کی حمایت کرتا ہے۔