190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران، بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر فریقین کو نوٹس

Published On 15 May,2025 02:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔

قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کی۔

اس موقع پر وکیل سردار لطیف کھوسہ و دیگر عدالت میں پیش ہوئے اور اگلے بدھ کو سماعت رکھنے کی استدعا کی۔

عدالت نے نیب سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سزا معطلی کی درخواستیں آئندہ ہفتے سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو 14 جبکہ بشریٰ بی بی کو 7 سال کی سزا سنا رکھی ہے۔