لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس نے یوم تشکر پر افواج پاکستان کی خدمات اور قربانیوں کو فقید المثال خراج عقیدت پیش کیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر کی پولیس لائنز، دفاتر میں آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کی گئی، پولیس افسروں اور اہلکاروں نے ملک و قوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں۔
پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز نے پرچم کشائی کی، شہدا کی یادگاروں پر پھول چڑھائے، فاتح خوانی کی۔
پولیس کے چاق و چوبند دستوں نے جام شہادت نوش کرنے والے بہادر سپاہیوں کو سلامی پیش کی، آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز نے شہداء کے ورثا سے ملاقات کی، انہیں پھول اور تحائف پیش کئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب پولیس کے زیر اہتمام افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم تشکر ریلیاں بھی نکالی گئیں، لاہور سمیت صوبہ بھر کی پولیس بلڈنگز پر چراغاں کیا گیا۔
پنجاب پولیس کے زیر اہتمام یوم تشکر کی تقریبات میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔