بھارتی جارحیت سے شہید و زخمیوں کو معاوضوں کی ادائیگی کیلئے رقم حکومت آزاد کشمیر کو فراہم

Published On 16 May,2025 07:34 pm

مظفرآباد: (دنیا نیوز) حکومت پاکستان نے بھارتی جارحیت سے شہید و زخمی افراد کو معاوضوں کی ادائیگی کیلئے رقم حکومت آزاد کشمیر کو فراہم کر دی۔

حکومت پاکستان کی جانب سے 532.000 ملین روپے حکومت آزاد کشمیر کو فراہم کئے گئے ہیں۔

پاکستان حکومت کی جانب سے دیئے گئے پیکیج کے تحت شہدا کے ورثا کو ایک کروڑ روپے، شدید زخمیوں کو 20 لاکھ اور دیگر زخمیوں کو 10 لاکھ روپے فی کس دیئے جائیں گے۔

ایس ڈی ایم اے کی رقم اس رقم کے علاوہ ہے جو حکومت آزاد کشمیر شہدا کے ورثاء اور زخمیوں کو فراہم کر چکی ہے، حکومت آزاد کشمیر 10 لاکھ روپے فی کس شہدا کے ورثا کو جبکہ معذور ہونے والے افراد کو 8 لاکھ دے چکی ہے۔

آزاد کشمیر حکومت شدید زخمیوں کو 3 لاکھ اور معمولی زخمیوں کو 50 ہزار فی کس ادا کر چکی ہے، حکومت آزاد کشمیر نے شہدا کے ورثا کو گھر گھر جا کر معاوضہ جات کی ادائیگی کر دی ہے۔

حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے بھارتی جارحیت سے متاثرہ گھروں، دکانوں کو پہنچنے والے نقصان کے تعین کے لیے کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں۔

کمیٹیز کی رپورٹس کی روشنی میں گھروں و دکانوں کےمعاوضہ جات کی ادائیگی عمل میں لائی جائیگی۔