وزیراعظم کی نوازشریف سے ملاقات، سیاسی، خارجی امور پر بریفنگ دی

Published On 17 May,2025 05:43 pm

لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف سے رائیونڈ میں ملاقات کی ۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں اہم سیاسی، خارجی امور پر بریفنگ دی گئی اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی اور ملکی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال سمیت قومی یکجہتی کو قائم رکھنے کیلئے سیاسی صورتحال پر غورکیا گیا،  دوران گفتگو غیر ملکی وفود اور رہنماؤں سے ہونی والی گفتگو اور ملاقاتوں سے نوازشریف کو آگاہ کیا ،اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف بھی موجود تھیں۔

دوران ملاقات شہباز شریف کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ افواج پاکستان اور پوری قوم نے یہ جنگ لڑی، اس کی مثال کہیں نہیں ملتی، عوام کی ثابت قدمی ملک کی عسکری تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب بن چکی ہے، ہم نے بہترین حکمت عملی کے تحت مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ کی طرح اس بار بھی الزام لگا کر بھاگ گیا، پہلگام واقعے کی تحقیقات کے لئے بھارت تیار نہیں ہے، چند گھنٹوں میں جرات، بہادری اور دلیری سے جوانوں نے وہ تاریخ رقم کی ہے جو قیامت تک دوست اور دشمن پڑھتے رہیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان اور عوام نے دشمن کو شکست دے کر ملک کا جھنڈا بلند کیا، دنیا اب اس جھنڈے کو احترام سے دیکھ رہی ہے، پوری قوم یکجان اور دو قالب ہے اور اس جنگ کے دوران پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال سے متعلق بھی نوازشریف کو آگاہ کیا، بھارت کی سخت مخالفت اور کوششوں کے باوجود آئی ایم ایف نے پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی قرض کی قسط جاری کی، آئی ایم ایف کے جائزہ مشن نے پاکستان کی معیشت کا جائزہ لینے کے بعد قسط جاری کرنےکی سفارش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت بہترین سمت پر گامزن ہے، حکومت پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ نئے مالی سال کے بجٹ پر مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے، آئندہ مالی سال 26-2025 بجٹ کےاہداف کا باہمی مشاورت سے تعین کیا جائے گا۔

آخر میں قائد مسلم لیگ ن نوازشریف نے شہباز شریف کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو مزید ریلیف دینے کےلئے بھر پور اقدامات کئے جائیں، اللہ کا شکر ہے ہر میدان میں پاکستان کو ترقی مل رہی ہے۔