پشاور: (دنیا نیوز) حکومتی محکموں کی تکنیکی صلاحیت بڑھانے کے لیے پالیسی متعارف، خیبرپختونخوا حکومت نے مارکیٹ بیسڈ سیلری پالیسی 2025 نافذ کر دی۔
محکمہ خزانہ کےمطابق نئی پالیسی فوری طور پر نافذ العمل ہو گی، نئی پالیسی 2019 کی مارکیٹ بیسڈ ٹیلنٹ پالیسی کی جگہ لے گی، پالیسی کا مقصد اعلیٰ مہارت یافتہ ماہرین کو مارکیٹ ریٹ پر بھرتی کرنا ہے۔
16 سالہ تعلیم یافتہ افراد 4 گریڈز میں بھرتی کے اہل ہوں گے، ایم پی ایس ون کے تحت 15 سال تجربہ رکھنے والوں کو 9 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ دی جائے گی۔
محکمہ خزانہ کے مطابق نئی پالیسی کے تحت بھرتی شفاف، میرٹ پر اور کئی مراحل پر مشتمل ہو گی، کم از کم دو قومی اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے بھرتی کی جائے گی۔
سرکاری ملازمین بھی پالیسی کے تحت درخواست دے سکتے ہیں، پالیسی کے تحت بھرتی کی منظوری حکومت خیبرپختونخوا دے گی۔
محکمہ خزانہ کے مطابق تمام تقرریاں کنٹریکٹ بنیاد پر ہوں گی، ابتدائی مدت 3 سال، توسیع مزید 2 سال تک ہوسکے گی، ملازمین کو پنشن نہیں ملے گی، ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ سالانہ بطور گریجویٹی دی جائے گی۔