40 ارب کی کرپشن: اے جی آفس خیبرپختونخوا نے مشتبہ بینک اکاؤنٹس کی نشاندہی کر دی

Published On 15 May,2025 04:49 pm

پشاور: (دنیا نیوز) کوہستان 40 ارب روپے میگا کرپشن کا معاملہ، اکاؤنٹنٹ جنرل خیبرپختونخوا دفتر نے مشکوک افراداورمشتبہ بینک اکاونٹس کی نشاندہی کردی۔

اے جی آفس خیبرپختونخوا نے سیکرٹری خزانہ کو خط لکھ دیا، خط کی کاپی دنیا نیوز کو موصول ہو گئی، خط میں محکمہ خزانہ کے 10 اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی، خط میں اسسٹنٹ اور سب اکاؤنٹنٹس اور 52 مشکوک بینک اکاؤنٹس کی بھی نشاندہی ہوئی۔

خط میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر اپرکوہستان کو بھی فوری معطل کرنے کی سفارش کی گئی تھی، اے جی آفس کے مطابق نیب کو موصول ہونے والے 1293 چیکس کا ریکارڈ ہی موجود ہی نہیں۔

اے جی آفس کے مطابق جعلی چیکس کے ساتھ اے جی دفتر کا کوئی سروکار نہیں، ہم ریکارڈ اصلی چیکس کا رکھتے ہیں، جعلی چیکس بنانے کی ذمہ داری نیشنل بینک اور سی اینڈ ڈبلیو کی ہے۔

اے جی دفتر کے ذرائع کے مطابق مشکوک رقم 3 ارب 47 کروڑ 37 لاکھ 19 ہزار 155 روپے کی نشاندہی بھی خط میں کی گئی ہے، کوہستان اپرمیں کرپشن کی کل رقم 29 ارب روپے ہے۔