کوئٹہ: ایم پی اے علی جتک کی ریلی پر دستی بم حملہ، ایک شخص جاں بحق، 12زخمی

Published On 14 May,2025 05:29 pm

کوئٹہ:(دنیا نیوز) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی علی مدد جتک کی ریلی پر دستی بم حملہ کیا گیا۔

پولیس کے مطابق ریلی منیر احمد مینگل روڈ سے گزر رہی تھی جس میں پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی علی مدد جتک میں موجود تھے کہ نامعلوم افراد نے اچانک دستی بم حملہ کردیا، حملے میں 2 افراد زخمی، ایک گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔

پولیس نے مزید بتایا کہ حملے کے وقت نامعلوم افراد کی جانب سےفائرنگ بھی کی گئی، اطلاع ملنے پرریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی جس نے تمام زخمیوں کو مقامی ہسپتال میں منتقل کیا، تاہم رکن صوبائی اسمبلی علی مدد جتک حملے میں محفوظ رہے۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر مہر اللہ بادینی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ریلی پر ہونے والے بم حملے کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں، ابھی تک کی اطلاعات کے مطابق یہ دستی بم حملہ تھا،  دھماکے میں ایک شخص جائے وقوعہ پر ہی جاں بحق ہوا۔

علاوہ ازیں ایم ایس سول ہسپتال عبدالہادی کاکڑ نے کہا کہ دھماکے کے باعث 12 زخمیوں کو ٹراما سینٹر لایا گیا، زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔