خیبر پختونخوا میں سکینڈل سامنے آرہے، تھرڈ پارٹی آڈٹ ہونا چاہیے: فیصل کریم کنڈی

Published On 18 May,2025 06:44 pm

پشاور:(دنیا نیوز) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں سکینڈل سامنے آرہےہیں، تھرڈ پارٹی آڈٹ ہونا چاہیے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبے میں علی بابا چالیس چوروں کی حکومت ہے، اربوں کے سکینڈل سامنے آ رہے ہیں، اگر ان کی جگہ کوئی اور پارٹی کرپشن کرتی تو گرفتاریاں ہو چکی ہوتیں، پی ٹی آئی کی حکومت کی کرپشن کے سہولت کار اسلام آباد میں بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کا 12 سال کا بجٹ کرپشن میں چلا گیا، فوری طور پر تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے اور خیبر پختونخوا حکومت میں جو بھی کرپٹ ہے اسے فوری گرفتار کیا جائے، اگر گورنر کے پاس اختیار ہوتا تو اب تک ان کو الٹا لٹکا چکا ہوتا، پکوڑے،سموسے والوں کا طعنہ دینے والے خود کرپشن میں ملوث ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ریاست نے وعدہ کیا تھا کہ ضم اضلاع میں 100 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، مگر 6 سے 7 ارب روپے ملتے ہیں، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو دنیا میں پاکستان کا مقدمہ لے کر جا رہے ہیں۔

قبل ازیں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ملک میں نئے شہر آباد ہونے چاہئیں، نئے شہروں کو آباد کرنا حکومت کا کام ہے، ہمارے صوبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، پشاور میں زمین ختم ہو چکی ہے، ہائی رائزنگ فلیٹس بننے چاہئیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں سیاحت کےفروغ کے وسیع مواقع ہیں، صوبے میں امن وامان قائم کرکے وسائل سے بھرپور استفادہ کیا جاسکتا ہے، صوبےمیں نئے شہر آباد کرنے  کے لیے سرمایہ کاروں سے ہرممکن تعاون کریں گے۔