اسلام آباد:(دنیا نیوز) نور مقدم کے والد شوکت مقدم نے کہا ہے کہ میری بیٹی کے کیس میں انصاف ہوتا نظرآنا چاہیے۔
پروگرام’’دنیا مہربخاری کےساتھ‘‘میں گفتگو کرتے شوکت مقدم کا کہنا تھا کہ میڈیکل رپورٹ میں ثابت ہوگیا ہے کہ قتل ہوا، ملزم سزا کےڈرسےپاگل پن کا ڈرامہ کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کا ساتھ دینے پر شکرگزار ہوں، پوری امید ہےعدالت ملزم کو پھانسی کی سزا سنائے گی، بیرون ملک کے انویسٹربھی اس کیس کو دیکھ رہے ہیں۔
والد نور مقدم کا مزید کہنا تھا کہ اس کیس میں انصاف ہوتا نظرآنا چاہیے، یہ ایک ٹیسٹ کیس ہے،سپریم کورٹ سےالتجا ہے ملزم کو پھانسی کی سزا دے، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہونا چاہیے۔
کیس کا پس منظر
سابق سفارت کار شوکت مقدم کی صاحبزادی 27 سالہ نور مقدم کو 20 جولائی 2021 کو دارالحکومت کے پوش علاقے سیکٹر ایف- 7/4 میں ایک گھر میں قتل کیا گیا تھا، اسی روز ملزم ظاہر جعفر کے خلاف واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے جائے وقوعہ سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔
مجرم ظاہر جعفر کو ٹرائل کورٹ اور ہائیکورٹ نے سزائے موت کا حکم دے رکھا ہے ، مجرم نے سپریم کورٹ میں فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے، جس کا عدالت عظمیٰ میں فیصلہ آج متوقع ہے۔