اسلام آباد:(دنیا نیوز) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے پمز ہسپتال کا دورہ کیا۔
مشعال ملک نے پاک بھارت کشیدگی میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی اور کشمیر سے تعلق رکھنے والوں زخمیوں سے اظہار یکجہتی کیا جبکہ پاکستان بھارت کشیدگی کے دوران زخمی ہونے والوں کے حوصلوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ نے زخمیوں کی عیادت کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد جو بھارت کی دہشت گرد سرکار نے کیا سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی میں مظفر آباد کے شہید اسامہ کے اہل خانہ سے ملکر آئی ہوں جس کی دو بہنیں بھی زخمی ہیں، اس کی بہن کے ہاتھوں پر مہندی لگی ہوئی ہے، دس دن تک اس کے بھائی کی شادی تھی، ایک سائیکو قسم کا شخص بھارت میں برسر اقتدار ہے، جہاں شادی تھی وہاں دو شہید ہوگئے ہیں۔
مشعال ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت ان زخمیوں کا علاج کر رہی ہے اور خیال رکھ رہی ہے، جنگ جو ہم پر مسلط کی گئی ہے اس میں ہماری فورسز نے منہ توڑ جواب دیا، امریکہ،ترکیہ، ایران اور کچھ اور ممالک نے کشیدگی کم کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج سعودی عرب میں ایک اہم بیٹھک ہو رہی ہے ،جو بی ایس ایف کے اہلکار پکڑے گئے ہیں ہمارا مطالبہ ہے اس کے بدلے میں ہماری قیادت کو رہا کیا جائے، کشمیری ایک عرصہ سے اپنی جانیں قربان کررہے ہیں۔