لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ صوبےکے عوام کی بہتری کے لیے دن رات کوشاں ہیں، ایک سال میں بہت حد تک چیزیں بدل گئی ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے زیر صدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، دوران اجلاس شہدا کے درجات کی بلندی کےلیے دعا بھی کی گئی۔
— PMLN (@pmln_org) May 21, 2025
اجلاس سے خطاب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بھارتی جارحیت یخلاف بھرپور کامیابی پر مسلح افواج کو سلام پیش کرتے ہیں، حکومت پنجاب کی کارکردگی عوام کے سامنے رکھنا چاہتی ہوں، مجھے اللہ تعالیٰ کو جواب دینا ہے، اللہ تعالیٰ نے ہمیں عزت دی۔
مریم نواز نے کہا کہ ہمارے دشمن ملک کی معیشت کا حجم ہم سے کئی گنا زیادہ ہے، ہمارے جے ایف تھنڈر طیاروں نے بھارت کے رافیل طیارے گرائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبہ بھرمیں ہسپتالوں میں مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں، آئندہ سال بھی 100 ارب روپے کی لاگت سے مفت ادویات فراہم کریں گے، میں نے میو ہسپتال کے ایم ایس کو مریضوں کوادویات نہ دینے پر نکالا، ہسپتال کے ایم ایس کے پاس میرے سوال کا کوئی جواب نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب میوہسپتال کے بیسمنٹ میں گئی تو وہاں دواؤں کا بڑا سٹاک موجود تھا، ایک اور ہسپتال میں بھی مفت ادویات نہ دینے پر کارروائی کی گئی، ان کارروائیوں کے بعد مریضوں کو ادویات کی فراہمی میں بہتری آئی۔
— PMLN (@pmln_org) May 21, 2025
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں کرپشن کی روک تھام کیلئے اقدامات کیے گئے، کلینک آن وہیل پراجیکٹ کے ذریعے عوام کو سہولت ملی ہے، پنجاب حکومت نے بچوں کی ہارٹ سرجری کیلئے اقدامات کیے، پنجاب میں پہلے سرکاری کینسر ہسپتال کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی صحت کے شعبے میں خصوصی توجہ مرکوز ہے، نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں خون کی بیماریوں کے علاج کے لیے ہسپتال ہو گا، احتجاج کرنے والے ڈاکٹرز خود ہی شرمندگی سے اٹھ کر چلے گئے، احتجاج کرنے والے ڈاکٹرز آخر میں بات چیت کے لیے منتیں کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو گھروں میں انسولین کی فراہمی کا پروگرام شروع کیا گیا ہے، کینسر، ہیپاٹائٹس اور ٹی بی کی ادویات بھی گھروں میں فراہم کی جا رہی ہیں، ہسپتالوں کو آؤٹ سورس کرنے سے کارکردگی بہتر ہوئی، عوام کو سستے اور معیاری علاج کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت تعلیم کے فروغ کے لیےاقدامات کر رہی ہے جبکہ پنجاب بھر کے سکولوں میں 50 ہزار نئے کمرے بنائے جا رہے ہیں، فرنیچر، کمپیوٹر لیب سمیت مختلف سہولتوں کی فراہمی کے لیے 110 ارب روپے خرچ کر رہے ہیں۔
— PMLN (@pmln_org) May 21, 2025
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی اقدامات کیے جس کے تحت کاشت کاروں کو کسان کارڈ کے ذریعے ریلیف دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ غریب طبقے کے لیے راشن کارڈ کا اجرا کیا گیا، 13 لاکھ مستحق خاندانوں کو گھروں پر راشن فراہم کیا گیا جبکہ رواں سال فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں میٹروبس منصوبہ شروع کریں گے۔