مادری زبان لازمی قرار دینے کیلئے پنجاب ماں بولی بل 2025 اسمبلی میں پیش

Published On 25 May,2025 11:36 am

لاہور : (دنیا نیوز) پنجاب کی مٹھاس بھری بولیوں کو نئی جان دینے کے لیے پنجاب اسمبلی میں پنجاب ماں بولی بل 2025ء پیش کر دیا گیا۔

پنجاب ماں بولی بل حکومتی رکن امجد علی جاوید نے پیش کیا، مقامی زبانوں کو بچوں کے نصاب اور ثقافتی ورثے کا حصہ بنانے کی تجویز دی گئی۔

متن کے مطابق پرائمری سطح کے سرکاری و پرائیویٹ اسکولوں و دینی مدارس میں ماں بولی کو لازمی مضمون کے طور پر پڑھایا جائے گا، ہر ضلع میں بولی جانے والی زبان کو سرکاری گزٹ کے ذریعے مخصوص کیا جائے گا۔

متن میں تجویز کیا گیا ہے کہ حکومت ہر ضلع کے لیے ماں بولی میں نصابی کتب تیار کرے گی اور مفت تقسیم کرے گی، اساتذہ کو خصوصی تربیت دی جائے گی۔

ارکان اسمبلی کے مطابق یہ بل نئی نسل کو اپنی ثقافت سے جوڑے رکھنے کے لیے بنایا گیا ہے، مقامی زبانیں اور ثقافت زندہ رہ سکے گی۔

پنجاب ماں بولی بل متعلقہ کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا، کمیٹی دو ماہ میں رپورٹ پیش کرے گی جس کے بعد بل ایوان سے منظور ہو گا۔