اسلام آباد:(دنیا نیوز) ایم این اے شیرافضل مروت نے کہا ہے کہ عمران خان کو اندازہ ہو گیا ان کی قیادت کے تلوں میں تیل نہیں۔
دنیا نیوزکے پروگرام’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں مایوسی قیادت نےخود پھیلائی ہے،مزاحمتی طاقت کوخود ہی پی ٹی آئی نےپارہ پارہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ذمہ داروں نےمجھے عمران خان سےملاقات کرنے کا کہا ہے، اب میں اپنی مرضی سے جاؤں یا نہیں جاؤں گا، پہلے مانا جائے کہ میرے ساتھ زیادتی ہوئی پھرملاقات کےلیےجاؤں گا۔
ایم این اے کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی خلاصی صرف احتجاج کے ذریعے ہو سکتی ہے، موجودہ قیادت احتجاج سے کتراتی ہے، پی ٹی آئی کوغلط اوربدنیتی پرمبنی فیصلوں سے پاک کرنا ہوگا،عمران خان کوجیل میں رکھنےسےاستحکام نہیں آئےگا۔
شیرافضل مروت نے مزید کہا کہ نہیں سمجھتا کہ حکومت کی سیاسی گرفت مضبوط ہوئی ہے، پی ٹی آئی کا ہرفیصلہ ہی ناقص رہا، مجھے پہلے پارٹی سے نکالا اور پھر گالیاں بھی دیں، بانی کواندازہ ہو گیا ہے کہ ان کی قیادت کےتلوں میں تیل نہیں، سلمان اکرم راجہ نےعلیمہ خان کےلیےسیاسی بات کرنےکی راہ ہموارکی۔