راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہمارے مینڈیٹ کی واپسی ہماری نہیں ملک کی ضرورت ہے، پاکستان کی خاطر بانی پی ٹی آئی مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ آج بانی سےدوماہ بعد ملاقات ہوئی ہے، بانی کوحکومتی معاملات، بجٹ کےحوالے سے بریف کیا، عمران خان نے کہا ہے کہ اندھیرا جب زیادہ ہوتا ہے تو اس کا مطلب ہے سویرا ہونے والا ہے، ڈنڈے کے زور پر ریاست نہیں چلاسکتے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اگرپارٹی رہنماؤں کی بانی سےملاقات نہیں کروائی گئی توہم آئی ایم ایف کی شرائط پرحکومت کےساتھ نہیں بیٹھیں گے، آئین کے مطابق تقاضے پورے کیے جائیں جس کا جو کام ہے وہ اپنا کام کرے، عمران خان جب کوئی بات کہہ دیں تو وہی بیان پارٹی کا اور ہمارا بیان ہے ہم اس بیان کی تصدیق کرتے ہیں اور اسی پر عمل کرنے کے پابند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدالت میں لگے ہمارے کیسز سنے جائیں، عمران خان پر بنائے گئے مقدمات جھوٹے ہیں انہیں سنا جائے کیسز عدالتوں میں لگائے جائیں اور عمران خان کو بری کیا جائے، مائیک اٹھا کر لوگوں پر تنقید کرنا آسان اور کام کرنا بہت مشکل ہے ہم سے پوچھیں، ہم نے احتجاج کیے مگر ہمیں روکا گیا اور آخر میں ہمیں گولیاں ماری گئیں، ہمارا مقصد اپنے کارکنوں کو شہید کرانا نہیں ہے ان کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ اگر مذاکرات کرنے ہیں تو بانی پی ٹی آئی تیار ہیں، ہماری بات چیت اور ڈیمانڈ آئین کے لیے ہے، ہماری جنگ جاری ہے ہم ہر صورت میں اپنے بانی کو رہا کرائیں گے، بانی پی ٹی آئی ڈٹے ہوئے ہیں اور انہوں نے احتجاجی تحریک کے لیے مجھے دوبارہ ذمہ داری دے دی ہے۔