پانی ہماری زندگی، جب تک دنیا ہے سندھ طاس معاہدہ ختم نہیں ہو سکتا: خالد کھوکھر

Published On 26 May,2025 07:06 pm

ملتان: (دنیا نیوز) کسان اتحاد کے صدر خالد محمود کھوکھر پانی ہماری زندگی ہے، جب تک دنیا ہے سندھ طاس معاہدہ ختم نہیں ہو سکتا۔

پریس کانفرنس کر تے ہوئے کسان اتحاد کے صدر خالد محمود کھوکھر نے کہا کہ فوڈ سکیورٹی میں سب سے بڑا کردار کسانوں پر ہے، بھارت نے دھمکی دی کہ پانی روک دینگے تو ڈی جی ایس پی آر نے کہا ہم بھارت کی سانس روک دیں گے۔

خالد محمود کھوکھر نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور پانی ہماری زندگی ہے، بھارت اپنی طاقت کے زعم میں پانی بند کرنے کی دھمکی دی، اگر پانی بند کیا تو دریاؤں میں خون بہے گا، ہم بھارت کا سانس بھی بند کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم خضدار میں بچوں کو مارنے والے سے بدلہ لیں گے، بھارت پہلے ہم بچوں کا حساب لیں گے پھر پانی کا معاملہ بھی دیکھ لیں گے، انڈیا نے جنگ کی غلطی کی تو ہم نے انڈیا کے طیارے تباہ کیے، انڈیا میں تباہی مچادی۔

خالد محمود کھوکھر نے کہا کہ بھارت اب پانی کا نام نہ لینا، ورنہ تمہارے ڈیم بھی نہیں رہیں گے، پوری قوم فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے ساتھ کھڑی ہے، میری 63 سالوں کی سب سے بڑی خوشی اس جنگ میں جیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا کا میڈیا جھوٹا تھا، کبھی کراچی تو کبھی لاہور پر حملے کی خبریں چلائیں، ہمارے میڈیا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، پوری دنیا نے ہماری فوج کی تعریف کی، ہماری فوج کا بجٹ 7 بلین ڈالر اور بھارت کا 80 بلین ڈالر سے زیادہ ہے۔

خالد محمود کھوکھر کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پاکستان کے پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ ہوا، اب پاکستان کی معیشت بھی تیزی سے آگے جائے گی، دنیا طاقتور کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے اس لئے دنیا ہمارے ساتھ ہے، آج مودی کے جھوٹوں کی وجہ سے دنیا بھر کا مودی سے اعتماد اٹھ گیا ہے۔