بینظیر انکم سپورٹ فنڈ: برطرف ملازمین کی مشروط بحالی، انکوائری کا حکم

Published On 27 May,2025 10:14 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے بینظیر انکم سپورٹ فنڈ (بی آئی ایس پی) کے برطرف ملازمین کو مشروط طور پر بحال کرنے کا حکم دے دیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں بینظیر انکم سپورٹ فنڈ (بی آئی ایس پی) کے برطرف ملازمین کی بحالی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ان ملازمین کو بیگمات، رشتہ داروں اور قریبی افراد کو غیر قانونی فائدہ پہنچانے کے الزامات کے تحت نوکریوں سے برطرف کیا گیا تھا، عدالت نے مشروط بحالی کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ بحالی کے باوجود متعلقہ ملازمین کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق باقاعدہ انکوائری کی جائے گی۔

عدالتی فیصلے کے مطابق انکوائری کا عمل تین ماہ کے اندر مکمل کرنا لازم ہو گا، اس دوران ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی جائیں گی تاہم اگر انکوائری تین ماہ میں مکمل نہ ہو سکی تو تنخواہوں کی ادائیگی دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔

ملازمین کے وکیل اسد اللہ بلو ایڈووکیٹ نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ ان کے مؤکلوں نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال نہیں کیا اور کسی رشتہ دار یا بیگمات کو غیر قانونی فائدہ نہیں پہنچایا۔

عدالت نے تمام فریقین کو انکوائری کے عمل میں تعاون کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔