بھارت کی سفارتی ناکامی: روس اور پاکستان کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری

Published On 30 May,2025 10:59 am

اسلام آباد : (دنیا نیوز) روس اور پاکستان کے درمیان سٹریٹیجک شراکت داری میں پیش رفت سے بھارت کو سفارتی سطح پر ایک اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

 عرب میڈیا کے مطابق پاکستان کی مضبوط معاشی ساکھ سے متاثر ہو کر روس نے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کا معاہدہ کیا ہے اور اس بدلتی ہوئی صورت حال کے نتیجے میں خطے میں بھارت کا اثرورسوخ شدید خطرے میں پڑ گیا ہے۔

عرب نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور روس کے مابین ایک ارب ڈالر کی دو طرفہ تجارت ہوگی، اسی طرح پاکستان کا روس سے سستے تیل کی درآمد کا سلسلہ بھی کامیابی سے جاری ہے۔

ادھر دی ڈپلومیٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وسطی ایشیا سے روابط میں پاکستان کے اہم کردار کا روس معترف ہے اور اس کے پیش نظر پاکستان اور روس کے مابین بارٹر ٹریڈ کا نیا نظام بھی زیر غور ہے، روس سے رعایتی نرخوں پر تیل اور گیس کی درآمد پاکستان کے لیے اہم پیشرفت قرار دی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سٹیل ملز کے 700 ایکڑ رقبے پر جدید روسی ٹیکنالوجی سے نیا پلانٹ تعمیر کیا جا رہا ہے، روسی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ پلانٹ سے خام تیل کی نقل و حرکت کے اخراجات کم ہوں گے اور پاک روس معاہدے کے تحت پاکستان سٹیل کی درآمدات میں 30 فیصد کمی اور 2.6 ارب ڈالر کی بچت متوقع ہے۔

دوسری طرف بھارت پراپیگنڈا کے ذریعے پاک روس شراکت داری کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کرتا رہا ہے جب کہ سرمایہ کاری کے شعبے میں روس اور چین کا پاکستان پر اعتماد پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔