پاکستان اور بنگلا دیش کو قریب لانے کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے: صدر مملکت

Published On 01 June,2025 11:49 am

لاہور: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کو ایک دوسرے کے قریب لانے کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے گورنر ہاؤس لاہور میں پاک بنگلا دیش کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ میں شرکت کی جہاں انہوں نے کرکٹرز اور دونوں ٹیموں کے آفیشلز کے ساتھ مصافحہ کیا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی موجود تھے۔

اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہا کہ اسلام آباد اور ڈھاکہ کے درمیان حالیہ سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی، بنگلا دیش کرکٹ ٹیم بطور سفیر پاکستان کا دورہ کر رہی ہے، انہوں نے بھی اعلیٰ معیار کا کھیل پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اس نسل سے تعلق رکھتا ہوں جس نے ہمیں علیحدہ ہوتے دیکھا لیکن آج کل کی نسل علیحدگی کے درد کی کیفیت کو نہیں جان سکتی، کسی بھی طرح ہمیں اس درد کا مداوا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کو ایک دوسرے کے قریب لانے کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے بنگالی قوم خطے کی امیر ترین قوموں میں سے تھی، ہمیں دونوں ملکوں کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنا ہوگا، مل کر ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جس سے دونوں ملکوں کے عوام خوشحال ہوں۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش دنیا میں ایک کامیاب ملک کے طور پر جانا جاتا ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی طرح ڈھاکہ کو بھی وسائل سے نوازا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ دونوں ملکوں کی نوجوان نسل کو باہمی رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے، کھیل باہمی رابطوں کا اہم ذریعہ ہیں۔

صدر مملکت کی کھلاڑیوں سے سیاست نہ کرنے کی اپیل

اپنی گفتگو کے دوران آصف علی زرداری نے مسکراتے ہوئے کہا کہ سیاست ہمارے لئے چھوڑ دیں، سیاست ہمیں کرنے دیں، ہم جیلوں میں جا سکتے ہیں، ہماری طرح کے لوگ 14 سال جیل کاٹ سکتے ہیں، آپ لوگ نہیں۔

صدر مملکت نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کیلئے نیک تمناؤں اور کامیابی کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ نوجوان ہیں، یہ دور آپ کا ہے، ہم اپنا دور دیکھ چکے ہیں، میں آپ کے بہتر مستقبل کیلئے پُرامید ہوں، صدر مملکت نے اپنی گفتگو کا اختتام بنگالی زبان میں خیرمقدمی کلمات سے کیا۔

تقریب کے اختتام پر صدر مملکت نے مہمان ٹیم کے آفیشلز کو پی سی بی کی جانب سے یادگاری تحائف بھی پیش کئے جبکہ چیئرمین پی سی بی نے صدر مملکت کو ان کے نام سے مزین قومی ٹیم کی ’1‘ نمبر کی جرسی بھی پیش کی۔