راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ عمران خان آج کےبعد پی ٹی آئی کے پیٹرن انچیف ہوں گے، احتجاجی تحریک کو وہ خود لیڈ کریں گے۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ بانی نے کہا ہے کہ ان کیلئے سارے دروازے بند کئے گئے، احتجاجی تحریک کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، بانی نے کہا اسلام آباد کی کال دینے کے بجائے پورے ملک میں احتجاج ہوگا۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق بانی نے کہا ہے کہ احتجاجی تحریک کو وہ خود لیڈ کرینگے، بانی نے کہا احتجاجی تحریک کے حوالے سے تمام ہدایات عمر ایوب کو دی جائیں گی، بانی نے احتجاج کا ابھی کوئی ٹائم فریم نہیں دیا وہ خود دینگے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق بانی نے کہا ہے کہ وہ آج کے بعد پی ٹی آئی کے پیٹرن ان چیف ہونگے، تمام فیصلے بانی پی ٹی آئی ہی کرینگے جس طرح پہلے کرتے تھے، مجھے چیئرمین شپ سے ہٹانے کی باتیں افواہیں پھیلانے والے لوگ کر رہے ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی پیٹرن انچیف ہیں، میں پارٹی کا چیئرمین رہوں گا، پارٹی کا چیئرمین نہ ہونے کی صورت میں سب کو پتہ ہے نتائج کیا ہوں گے، احتجاج کی ذمہ داری ہمیشہ علی امین گنڈا پور کو دی جاتی تھی اب ایسا نہیں، احتجاج کے حوالے سے مختلف لوگوں مختلف ذمہ داریاں دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ بانی نے پارٹی لیڈر شپ پر کوئی عدم اعتماد نہیں کیا، بانی کو معلوم ہے لوگوں نے قربانیاں دی ہیں، میری ہمیشہ کوشش رہی ہے مسائل بات چیت سے حل ہوں، میں ابھی بھی چاہتا ہوں مسائل بات چیت کے ذریعے حل ہوں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی نے کہا ہمارے لئے کوئی راستہ نہیں چھوڑا گیا، سمبڑیال الیکشن میں دھاندلی کی گئی، بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ لچک کا مظاہرہ کیا ہے، بانی دو سال سے جیل میں ہیں، انہوں نے ہمیشہ بات چیت کو ترجیح دی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق بانی نے کہا کہ ہم نے مشکل حالات میں حکومت کا ساتھ دیا، ہم کسی صورت پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہیں کرینگے، ہم پُرامن احتجاج کرینگے، یہ ہمارا حق ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر عدالتیں فیصلہ نہیں کر رہیں، ہم چاہتے ہیں کامن سینس پرویل ہونی چاہئے، ہماری کسی سے کوئی بات نہیں ہو رہی لیکن بانی نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا آپشن کھلا رکھا ہے۔