بانی کیخلاف مقدمات جھوٹے، انصاف کریں، جلد فیصلے دیں: پی ٹی آئی

Published On 27 May,2025 02:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے کہا ہے کہ بانی کے خلاف تمام مقدمات جھوٹے ہیں، انصاف کریں اور جلد فیصلے دیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہئے، انصاف بغیر کسی فیور کے ملنا چاہئے، نواز شریف کو ایک کیس میں 70 ،دوسرے میں 91 دن بعد ضمانت ملی، بانی پی ٹی آئی کو اتنے عرصے بعد بھی ضمانت نہیں ملی، بانی پی ٹی آئی کے خلاف تمام مقدمات بے بنیاد ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کا کیس کازلسٹ میں شامل کر لیا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی کی سزا معطلی کا کیس 5 جون کو سنا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف تمام مقدمات جھوٹے ہیں، قانون کو اپنی لونڈی بنایا ہوا ہے، پاکستان کے آئین و قانون سے کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی قوم اور ہمارے بچوں کی جنگ لڑ رہا ہے، عدلیہ سے درخواست ہے کہ انصاف کریں اور جلد فیصلے کریں، ہماری تحریک جاری ہے۔

علی امین گنڈاپور نے یہ بھی کہا کہ ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف تھے اور رہیں گے۔

پریس کانفرنس میں عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ ہم عدالتوں کی مجبوری سمجھتے ہیں، بتایا جائے بانی پی ٹی آئی نے آپ کا کیا بگاڑا ہے، بانی نے کہا ہے چاہے ساری زندگی جیل میں رکھیں، لیکن ظلم کےسامنےجھکوں گا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیچھے بیٹھ کر ججز کو نہ دھمکائیں، ہم کسی سے نہیں ڈرتے سوائے اللہ کے، 2 سال میں یہ نہیں پتہ چلا کہ بانی پی ٹی آئی نے کیا بگاڑا ہے، آپ ہمارے ساتھ بیٹھ کر بات کریں۔

علیمہ خان نے مزید کہا کہ بیرسٹر گوہر سے پوچھیں اگر ان کے پاس کوئی خوشخبری ہے تو ہمیں بھی بتا دیں۔