کورکمانڈر لاہور کی پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ کیساتھ خصوصی نشست

Published On 03 June,2025 09:04 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ خصوصی نشست میں شرکت کی ہے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے پنجاب یونیورسٹی میں معرکہ حق کے تناظر میں طلبہ کی بنائی ہوئی خوبصورت پینٹنگز کا مشاہدہ کیا اور بھارت کیخلاف تاریخی فتح کو پوری قوم کے ایمان اتحاد اور نظم وضبط کا ثمر قرار دیا۔

لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے اپنے خطاب میں حالیہ پاک، بھارت جنگ کے دیرپا اثرات اور پاکستان کو حاصل ہونے والے ثمرات پر بھی بات کی، ان کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے دنیا پر پاکستانی قوم اور افواج کی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کو عیاں کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی سب سے قدیم اور بڑی یونیورسٹی میں آنا باعث اعزاز ہے اور اساتذہ کرام قوم کے معمار ہیں، انہیں سلام پیش کرتا ہوں، حالیہ جنگ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید علوم کی اہمیت کھل کر سامنے آئی ہے، نوجوان ہی ملک کے روشن مستقبل کی دلیل ہیں۔