لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے نان رجسٹرڈ ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کی رجسٹریشن کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خصوصی اجلاس میں ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کی رجسٹریشن کے فیصلے کی منظوری دے دی جس کے بعد صوبہ پنجاب میں واقع چھوٹے بڑے ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کی رجسٹریشن کیلئے اقدامات کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹیکس بڑھانے کی تمام تجاویز مسترد کر دیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ٹیکس نہیں بلکہ ٹیکس نیٹ ورک بڑھائیں، ٹیکس بڑھا کر عوام پر بلاوجہ بوجھ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، رجسٹریشن کرانے والے کو سزا مل جائے اور ٹیکس چوری کرنے والے مزے کرتے رہیں یہ نہیں ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عام آدمی پر مالی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے، دو لاکھ روپے تنخواہ لینے والا ٹیکس دیتا ہے اور کروڑوں آمدن والا ٹیکس نہیں دیتا، پنجاب ریونیو اتھارٹی، مائنز اینڈ منرل اور دیگر ڈیپارٹمنٹ ریونیو کے نئے مواقع دریافت کریں۔