وزیراعلیٰ مریم نواز کی سڑکوں کو دھونے، عرق گلاب کے چھڑکاؤ کی ہدایت

Published On 08 June,2025 11:05 am

لاہور : (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سڑکوں کو دھونے اور عرق گلاب کا چھڑکاؤ کرنے کی ہدایت کر دی۔

ایکس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ صاف ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی مہم جاری ہے جس میں ایک لاکھ 30 ہزار اہلکار اور 30 ارب کی مشینری مصروف عمل ہے، سیف سٹی کیمروں سے نگرا نی کی جا رہی ہے، آلائشیں بروقت اٹھانے اور صفائی ستھرائی یقینی بنانے کیلئے پہلی بار سیف سٹی کیمروں اور ڈرونز سے بھی مدد لی جائے گی۔

انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ گلی محلے، چوک چوراہے، سڑکیں اور بازار صاف نظر آئیں، آلائشیں اٹھانے کے ساتھ سڑکوں کو دھونے اور عرق گلاب کا چھڑکاؤ کیا جائے۔

عید کے پہلے روز ایک لاکھ 10 ہزار ٹن آلائشیں تلف
دوسری طرف محکمہ لوکل گورنمنٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت عید کے پہلے روز 1 لاکھ 10ہزار ٹن آلائشیں تلف کی گئیں، ستھرا پنجاب پروگرام کی بدولت اس بار دیہی علاقوں تک آپریشن کیا گیا، عید کے تینوں روز خصوصی صفائی آپریشن جاری رہے گا۔

سیکرٹری بلدیات کے مطابق لاہور ڈویژن سے 35ہزار ٹن، بہاولپور سے 14 ہزار ٹن آلائشیں تلف کی گئیں، فیصل آباد سے 12ہزار ٹن، گوجرانوالہ سے 8ہزار، ملتان 9ہزار ، راولپنڈی 8 ہزار اور سرگودھا میں 7ہزار، ساہیوال 4,406، سیالکوٹ میں 4,307 اور ڈی جی خان میں 5,936 آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں۔

میاں شکیل احمد نے بتایا کہ صوبہ بھر میں شہریوں کی جانب سے 6 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں، 5ہزار سے زائد شکایات فوری طور پر حل کی گئیں، اس بار شہریوں میں 1کروڑ سے زائدماحول دوست ویسٹ بیگز تقسیم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کے تحت 100 فیصد گاڑیاں اور مشینری صفائی آپریشن میں استعمال کی جا رہی ہے، عید کے تینوں روز 1لاکھ 39ہزار سے زائد عملہ صفائی ستھرائی کے لیے ڈیوٹی پر مامور رہے گا، 36ہزار سے زائد گاڑیاں صفائی آپریشن کے لیے استعمال کی جائیں گی۔

سیکرٹری بلدیات کے مطابق آلائشوں کی کولیکشن کے لیے 3 ہزار سے زائد عارضی کولیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔