بجٹ سے مڈل کلاس اور کسان طبقے کی کمر ٹوٹ گئی: مصطفیٰ نواز کھوکھر

Published On 11 June,2025 09:58 pm

لاہور:(دنیا نیوز) سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ بجٹ سے مڈل کلاس اور کسان طبقے کی کمر ٹوٹ گئی۔

پروگرام ’آن دی فرنٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ نوازکھوکھر کا کہنا تھا کہ ایک، ڈیڑھ سال سے حکومت کا بیانہ رہا ہے معیشت مستحکم ہوچکی ہے، اگر معیشت مستحکم ہوئی ہے توعوام کو ریلیف ملناچاہیے تھا، یہ بجٹ مایوس کن ہے،اس میں ریلیف ہی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں ٹیکسز مزید بڑھا دیے گئے ہیں، مڈل کلاس اور کسان طبقے کی کمر ٹوٹ کر رہ گئی ہے، ایک لاکھ روپے تنخواہ والوں پر2ہزار روپے کم کیے گئے ، جس کی ڈیڑھ لاکھ تنخواہ تھی اس پر4ہزار روپے کم کیے ہیں، زراعت تباہ و برباد ہو چکی ہے۔

سابق سینیٹر کا کہنا تھا کہ بڑی فصلوں کی پیداوار کم ہوئی، کسان سڑکوں پرآچکاہے، اس کےپاس قرض ادا کرنے کیلئے پیسے نہیں ہے، حکومت نے قومی بیج پالیسی کا ریلیف دیاکہ پالیسی تیار کی جائے گی۔

مصطفیٰ نواز کھوکھرنے کہا کہ حکومت کہہ رہی ہے کہ طلبہ کوزراعت پڑھنے کیلئے چین بھیجیں گے، طلبہ 5 سال بعد پاکستان آکر مشورہ دیں گے، زراعت کیسےٹھیک کرنی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 700سے 800 سی سی گاڑیاں مہنگی کردی گئی، حکومت نےچھوٹی گاڑیوں پر18فیصدٹیکس لگا دیا ہے، جسے مڈل کلاس لوگ استعمال کرتے ہیں۔