وفاقی بجٹ: شریک حیات کے انتقال کے بعد فیملی پنشن کی مدت 10 سال تک محدود

Published On 11 June,2025 12:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے پنشن سکیم میں اصلاحات کرتے ہوئے شریک حیات کے اتنقال کے بعد فیملی پنشن کی مدت 10 سال تک محدود کر دی۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ تقریر میں کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پنشن سکیم میں بھی اصلاحات کی جارہی ہیں اور قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔

وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ پنشن اضافہ کنزیومر پرائس انڈیکس سے منسلک کر دیا گیا ہے اور شریک حیات کے انتقال کے بعد فیملی پنشن کی مدت 10 سال تک محدود کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایک سے زائد پنشن کا خاتمہ ہو گا، ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ ملازمت کی صورت میں پنشن یا تنخواہ ایک کا انتخاب کرنا ہو گا۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 10 وزارتوں کی رائٹ سائزنگ کی منظوری دے دی گئی ہے، 6 ڈویژنز کو ضم کر کے تین بنا دیے گئے ہیں، اسی طرح 45 کمپنیوں، اداروں کو پرائیویٹائز، ضم یا ختم کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیرخزانہ نے بجٹ تقریر میں یہ بھی کہا ہے کہ 40 ہزار پوسٹیں ختم کر دی گئی ہیں، اگلی 10 وزارتوں کی رائٹ سائزنگ کی سفارشات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔