پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے مالی سال 26-2025 کیلئے بجٹ کا کل حجم 2 ہزار 70 ارب روپے تیار کر لیا ہے جو 13 جون کو پیش کیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا حکومت کے رواں مالی سال کے بجٹ کی تفصیلات دنیا نیوز نے حاصل کر لی ہیں۔
ذرائع کے مطابق بجٹ میں جاری اخراجات کیلئے 1352 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جن میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کیلئے 680 ارب اور پنشن کی مد میں 200 ارب روپے رکھے جا رہے ہیں، حکومت کی جانب سے تنخواہوں میں 10 فیصد اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نان سیلری اخراجات کیلئے 520 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی، بجٹ میں ترقیاتی اخراجات کا حتمی حجم آج طے کئے جانے کا امکان ہے۔
صوبائی حکومت کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت 1148 ارب روپے حاصل ہونے کی توقع ہے، جبکہ نیٹ ہائیڈل پرافٹ کی مد میں 108 ارب اور آئل و گیس رائلٹی کی مد میں 55 ارب روپے ملیں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کی مد میں صوبائی حکومت کو ایک فیصد کے حساب 138 ارب روپے دیئے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں سال بجٹ میں 416 ارب روپے کا اضافہ متوقع ہے، جب کہ 24-2023 کا بجٹ تخمینہ 1654 ارب روپے تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور تمام متعلقہ محکموں سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔