بجٹ میں تنخواہ دار طبقہ کو ریلیف کیساتھ کاروباری افراد کو ٹیکس چھوٹ دی: مصطفیٰ کمال

Published On 11 June,2025 07:16 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ بجٹ اچھی خبروں کے ساتھ آیا، تنخواہ دار طبقہ کیلئے ریلیف کے ساتھ کاروباری طبقہ کو ٹیکس چھوٹ دی گئی۔

وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے بجٹ اجلاس کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مہنگائی کی شرح 30 فیصد سے کم ہو کر 6 فیصد پر آنا بھی خوش آئند ہے، موجودہ حالات میں حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا ہے اور وفاقی بجٹ اچھی خبروں کے ساتھ آیا ہے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقے کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ اور ٹیکس میں کمی کے ذریعے ریلیف دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقہ کیلئے بھی ٹیکسوں پر چھوٹ دینے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔

انہوں نے مزید کہاکہ حالات کے مطابق بہترین بجٹ دینے کی کوشش کی گئی ہے، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں جب بجٹ تجاویز پر بحث ہوگی تو اس میں مزید بہتری آئے گی۔