بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا گیا، کچھ عناصر ملک کی بہتری پر ناخوش ہیں: عظمیٰ بخاری

Published On 11 June,2025 12:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا گیا، کچھ عناصر ملک کی بہتری پر ناخوش ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم کو مبارکباد دیتی ہوں کہ انہوں نے آئی ایم ایف کے دباؤ کے باوجود وفاقی بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کیا، تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ خوش آئند ہے اور اس بجٹ سے درمیانے طبقے کو سہارا ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک ایسی مخلوق بھی ہے جو کبھی خوش نہیں ہوتی، کل قومی اسمبلی میں جو کچھ ایک مخصوص گروہ نے کیا، وہ پوری قوم نے دیکھا، ان کی خواہش ہے کہ پاکستان کو نقصان ہو، پنجاب میں صفائی کے بہترین انتظامات پر کچھ لوگوں کو تکلیف ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ سٹاک ایکسچینج میں 2100 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔

پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہ واحد جماعت ہے جو ملکی مفاد میں کبھی کوئی مثبت قدم نہیں اٹھا سکی، اب یہ مہم چلا رہے ہیں ’واشنگٹن چلو‘، ان کے یوٹیوبرز نے بھی اس مہم کو ہوا دی، مگر کل خود بیرسٹر گوہر نے کہہ دیا کہ ہم نے کوئی کال نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے، اللہ تعالیٰ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کو عزت دی ہے، چند یوٹیوبرز جو بیرونِ ملک بیٹھ کر ملک اور اداروں کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہے ہیں، وہ صرف اپنی عزت گنوا رہے ہیں، اگر وہ خود کو کھائی میں گرانا چاہتے ہیں تو ہم کیا کر سکتے ہیں۔