برسلز: (ویب ڈیسک) پاکستان کا اعلیٰ سطح کا پارلیمانی وفد سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں واشنگٹن، نیویارک اور لندن کے کامیاب دوروں کے بعد یورپی یونین کے دارالحکومت برسلز پہنچ گیا۔
پاکستان کے اعلیٰ سطح کے وفد کا برسلز پہنچنے پر یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کیلئے پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی اور سفارت خانہ کے افسران نے وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مقرر کردہ اعلیٰ سطح کے پارلیمانی وفد کے دورے کا مقصد بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی پر پاکستان کا مؤقف پیش کرنا اور مسئلہ جموں و کشمیر کے حل کی اہمیت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق اجاگر کرنا ہے۔
وفد کے دیگر اراکین میں وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کی چیئرپرسن اور سابق وزیر اطلاعات و ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کی چیئرپرسن اور سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، سابق وزیر تجارت، دفاع اور امور خارجہ انجینئر خرم دستگیر خان، ایم کیو ایم کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر اور سابق وزیر برائے بحری امور سینیٹر سید فیصل علی سبزواری شامل ہیں۔
وفد اپنے دورہ برسلز کے دوران یورپی یونین اور بیلجیئم کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرے گا، پارلیمانی وفد ان ملاقاتوں میں بھارت کی جارحیت اور پاک بھارت تنازع سے متعلق ”غلط معلومات پر مبنی بھارتی مہم“ کا مؤثر جواب دے گا۔
پارلیمانی وفد بھارت کے پاکستان مخالف عزائم اور جارحانہ اقدامات سے متعلق یورپی حکام کو آگاہ کرے گا، یورپی حکام کے ساتھ ساتھ پارلیمانی وفد کی برسلز میں یورپ کے معروف تھنک ٹینکس اور بین الاقوامی میڈیا نمائندوں سے ملاقاتیں بھی شیڈول کا حصہ ہیں۔