لندن: (دنیا نیوز) پاکستانی وفد کے سربراہ، چیئرمین پی پی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پاکستان بھارت کے ساتھ کشمیر،دہشتگردی اور پانی جیسے تمام تنازعات کے حل کیلئے بامعنی اور جامع مکالمے کا خواہاں ہے۔
چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے بی بی سی ریڈیو کو انٹرویو میں کہا کہ عالمی برادری بالخصوص امریکا اور برطانیہ بھارت کو بات چیت پر آمادہ کریں، دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان تنازع کا فوجی حل ممکن نہیں، خطے میں حالات اب بھی نازک ہیں، جنگ بندی تو ہوئی لیکن مکمل امن قائم نہیں ہو سکا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام لگا دیتا ہے، یہ انتہائی خطرناک رویہ ہے، الزام تراشی سے نکل کر ایک دوسرے کے تحفظات کو دور کرنے کیلئے مذاکرات کرنا ہوں گے، پاکستان نے ہمیشہ بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف کام کیا۔
پاکستانی وفد کے سربراہ کا مزید کہنا تھا پاکستانی سکول بس پر حملے میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں، بلوچستان میں بھارتی نیوی کے افسر کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اور بلوچ علیحدگی پسند گروپوں کی بھارتی معاونت کے ثبوت بھی دنیا کے سامنے رکھ چکے ہیں۔