وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آج اللہ کے فضل و کرم سے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی اجلاس پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کے عوام کا وقت ضائع کیا، خیبر پختونخوا میں 55 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں، خیبر پختونخوا میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کا برا حال ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور میں سیف سٹی منصوبہ آج تک مکمل نہیں ہو سکا، خیبر پختونخوا کے بجٹ میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، بجٹ میں کوئی ایک منصوبہ بھی انقلابی منصوبہ نہیں ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ایف بی آر نے ملک کی تاریخ میں ریکارڈ محصولات اکٹھی کیں، شوگر انڈسٹری کے ٹیکس میں تیس فیصد اضافہ ہوا ہے، ٹوبیکو مافیا کو شکنجہ ڈالنے کی ضرورت ہے، کراچی بندرگاہ پر پہلی مرتبہ فیس لیس اسیسمنٹ نظام رائج کیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ فیس لیس اسیسمنٹ نظام کی بدولت چند گھنٹے میں کنٹینر کلیئر کر دیا جاتا ہے، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ بینکوں پر ونڈ فال ٹیکس لگایا گیا، وزیراعظم کی ذاتی دلچسپی سے ساڑھے 34 ارب روپے سرکاری خزانے میں واپس آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج اللہ کے فضل و کرم سے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہے، بانی پی ٹی آئی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ترسیلات زر بھیجنے سے روکنے کی کوشش کی، اوورسیز پاکستانیوں نے ریکارڈ ترسیلات وطن بھیجیں، وفاقی بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو بھرپور ریلیف دیا گیا، تنخواہ دار طبقے کو تنخواہوں میں اضافے کے علاوہ ٹیکس میں بھی رعایت دی گئی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف بھرپور موقف اپنایا، ایرانی مستقل مندوب نے حمایت پر سکیورٹی کونسل میں پاکستان کی تعریف کی، مشکل وقت میں ایران کے بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، پاکستان خطے میں امن کا فروغ چاہتا ہے، دنیا خطے میں امن کے لئے پاکستان کے کردار کا اعتراف کرتی ہے، فلسطین کے نہتے مسلمانوں کو نہ کبھی بھلایا ہے نہ بھلائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے غزہ کے مسلمانوں پر جاری مظالم کی ہمیشہ مذمت کی، فلسطینی کاز ہمارے دلوں کے قریب ہے، پاکستان نے ہر عالمی فورم پر فلسطینی بہن بھائیوں کے لئے آواز اٹھائی۔